جنرل مرزا اسلم بیگ
سابق چیف آف آرمی سٹاف پاکستان
Email” friendsfoundation@live.co.uk
پاکستان اور افغانستان کے مابین ڈیورنڈ لائن کو بین الاقوامی سرحد کی حیثیت حاصل ہے لیکن یہ لائن کبھی بھی چالیس ملین پختون قوم‘ جس کا تقریبأ ساٹھ فیصدپاکستان میں مقیم ہے‘ کو تقسیم نہیں کرسکی۔یہی تاریخی حقیقت ہے کہ پختون اکثریت افغانستا ن کے معاملات میں فیصلہ کن کردار کی حامل رہی ہے جس کی مرضی اور تائید کے بغیر کابل میں کو ئی بھی حکومت قائم نہیں رہ سکتی۔دونوں ممالک کی سلامتی کے حوالے سے پختون ایک مشترک حقیقت ہیں۔ستر (70s)کی دہائی میں جب سوویٹ یونین نے حفیظ اللہ امین کو کابل کا حکمران بنایا تو افغان قوم اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی اور پاکستان سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں اپنے امدادی ٹھکانے قائم کر لئے۔بعد میں امریکہ اورپاکستان بھی ان کی گوریلا جنگ میں شامل ہوئے اور روسی قبضے کے خلاف اعلانیہ جنگ شروع ہوئی۔“اس جنگ میں پوری دنیا کے ستر ممالک سے جہادی شامل ہوئے جس سے ڈیورنڈ لائن کا علاقہ اسلامی مزاحمتی تحریک کا مرکزبن گیا” ۔ CIA
سوویٹ یونین شکست کھا کر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوا اور امریکہ نے قانون فطرت سے انحراف کرتے ہوئے افغان مجاہدین‘ جو کہ اصل فاتح تھے‘ کوحکومت سازی کے عمل میں شریک ہونے کے حق سے محروم کر دیا اور یہی بات افغانستان میں خانہ جنگی اور پھر 1995 میں طالبان کے ابھرنے کا سبب بنی۔2001 ء تک طالبان نے افغانستان کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا‘ جب سانحہ نائین الیون رونما ہوا اور اس کے انتقام میں اندھا ہوکرامریکہ نے افغانستان پر چڑھائی کردی‘ ملک پر قبضہ کرلیا گیا‘ افغان قوم کو ناکردہ گناہ کی سزا دی گئی اوراسے تباہ کر دیا گیا لیکن ان کے جذبہ حریت کوشکست نہ دے سکا ۔اب جبکہ قابض فوجوں کا انخلا مکمل ہونے کو ہے‘ طالبان نے آپریشن Spring Offensive شروع کر دیا ہے کیونکہ امریکہ اور افغانستان میں قائم ان کی حمایت یافتہ حکومت نے ایک بار پھرطالبان کو حکومت سازی کے عمل سے محروم رکھنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں‘ جس سے اقتدار کی جنگ شروع ہوچکی ہے اور“صدراوبامہ کی طالبان کے ساتھ بات چیت کرنے کے طریق کار اور ان کی افغان پالیسی میں موجود خرابیوں کی وجہ سے امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ مزید طویل ہوتی جا رہی ہے “ ۔ Brahma Chellaney
افغان طالبان گذشتہ پینتیس(35) سالوں سے اپنے وطن کی آزادی و خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقتوں کو شکست سے دوچار کیا ہے جو حربی تاریخ میں ایک منفرد نوعیت کا غیر معمولی واقعہ ہے۔جبکہ ہمارے وزیر اعظم نے 12 مئی کو کابل میں اعلان کیا کہ ’’افغان طالبان کا آپریشن Summer Offensive اور ان کے حملے دہشت گردی تصور کیے جائیں گے اور ہم ایسے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔‘‘ بہتر ہوتا کہ اس معاملے پر وزیر اعظم پارلیمنٹ سے راہنمائی حاصل کرتے جیسا کہ سعودی عرب اور یمن کے تنازعے میں ہوا تھا۔ ہمارے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی نے افغانستان کے ڈائریکٹر جنرل برائے قومی سلامتی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرکے بہتر اقدام اٹھایا ہے جس کی رو سے دونو ں ممالک کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے گا کیونکہ یہ ہماری مشترکہ ضرورت بھی ہے اورذمہ داری بھی ۔
افغان بہت کشادہ دل قوم ہیں۔ان کی قومی شناخت و اقدار مثالی ہیں اور ہماری نسبت دو سو سال پرانی ہیں۔2001 میں افغانیوں کے خلاف جنگ میں امریکہ کا ساتھ دینے کے باوجود انہوں نے کبھی ہمیں اپنا دشمن نہیں سمجھا۔یہ افغانستان کی نام نہاد حکومت ہی ہے جس نے پاکستان کے خلاف عالمی سازشوں کے فروغ میں بھارت کواپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دی۔ 2007 ء میں راقم نے پاکستان کے خلاف عالمی سازشوں کا مفصل تجزیہ پیش کیا تھا لیکن کسی نے میری باتوں پر کان نہ دھرا۔اب مجھے امید ہے کہ افغان طالبان کی تحریک میں آنے والی تذویراتی تبدیلی کا ہمیں علم ہوچکاہوگا جس سے علاقائی سلامتی پربہت گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔تبدیلی یہ ہے کہ پاکستانی فوج کے آپریشن کے سبب طالبان کی پناہ گاہیں اور امدادی کیمپ تباہ کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اپنی مزاحمتی کاروائیوں کا مرکز افغانستان کے شمال علاقوں کی جانب منتقل کرنا پڑا ہے جہاں ازبکستان کی اسلامی تحریک (Islamic Movement of Uzbekistan – IMU)‘ جس کی تعداد سات تا آٹھ ہزار جنگجوؤں پر مشتمل ہے‘اس کے اشتراک سے بدخشاں‘ تخار‘ فاریاب‘ زابل‘ بغلان‘ کندوز‘ جوشجان اور بادغیس کے صوبوں میں خاصا اثرو رسوخ بڑھا لیا ہے۔آئی ایم یو(IMU) نے ان مقامات پر اڈے اس لئے قائم کیے ہیں تاکہ وہ طالبان کو ساتھ ملا کر ازبکستان‘ تاجکستان‘ ترکمانستان اور کرغزیا میں کاروائی کرسکیں اورطالبان نے تقریبأ پندرہ ہزار جنگجوؤں کوان علاقوں میں متحرک کر دیا ہے‘ جو اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں‘ جو کہ احمد شاہ مسعود اور جنرل دوستم کے مضبوط گڑھ تصور کیے جاتے ہیں۔افغانستان کے شمال میں موجود یہ ٹھکانے ‘ افغانستان میں جنگ کو ایک نیا رنگ دے رہے ہیں‘ جس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ “امریکہ کے آپشنز محدود ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ وہ طالبان کو کابل کی طرف پیش قدمی سے روک نہ پائے گا” ۔ Brahma Chellaney
آج کے طالبان‘ 1990 ء کے طالبان سے بہت مختلف ہیں۔ کل ان کے دوآقا تھے یعنی سی آئی اے اور آئی ایس آئی‘ مگر اب ایک سرپرست ہے یعنی ملا عمر۔اس وقت مجاہدین کے سات قائدین تھے اور اب صرف ایک ملا عمران کے قائد ہیں۔اب ان کی اصل مزاحمتی قوت ‘ افغانستان کے وہ نوجوان جنگجو ہیں جو جنگ کے سایوں میں پل کر جوان ہوئے ہیں۔وہ نہایت سخت گیر ہیں لیکن ان کی قیادت بالغ النظراور ملک میں قیام امن کے حوالے سے مثبت سوچ کی حامل ہے۔ دسمبر 2012ء میں پیرس میں منعقد ہونے والی انٹرا افغان مذاکرات میں انہوں نے واضح کر دیا تھا کہ “اب ہم 1990 ء کی طرح دشمنوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ جب قابض فوجیں افغانستان سے نکل جائیں گی تو ہم باہمی اتحاد و مفاہمت سے ایک نمائندہ حکومت قائم کریں گے جو ہماری قومی اقدار و روایات کی امین ہوگی۔ہماری منزل آزادی ہے اور ہمارا عزم مصمم ہے۔” طالبان کو پہلے ہی افغانستان کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل ہے اور اب انہوں نے افغانستان نیشنل آرمی پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے جو‘ امریکی جنرل رابرٹ سیل (General Robert Seal)کے بقول “خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جھڑ رہی ہے۔”گذشتہ اتوار کو طالبان نے کابل ائرپورٹ کے قریب امریکی قافلے پر حملہ کیاجس میں دس امریکی ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔پورے افغانستان میں طالبان کی طرف سے مزاحمت شدید ہوتی جا رہی ہے۔
افغانستان کا انتہائی قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے پاکستان کی یہ ذمہ داری ہے کہ “ایشیا کے قلب” میں قیام امن کی کوششوں کو فروغ دے کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ہم نے دیکھا ہے کہ گذشتہ پچیس سالوں سے امریکہ القاعدہ کو تباہ کرنے میں لگا ہوا ہے لیکن سوائے ناکامی و نامرادی کے اس کے ہاتھ کچھ نہیں لگابلکہ القاعدہ کا بھوت مختلف شکلوں میں ان کے اعصاب پر سوار ہے‘ مثلأشام و عراق میں داعش‘ لیبیا میں تکفیری‘ صومالیہ میں الشباب‘ نائیجیریا میں بوکو حرام‘ یمن میں حوثی‘ افغانستان میں طالبان اور اب ازبکستان کی تحریک اسلامی کی صورت میں مزاحمت کا نیا مرکز شمالی افغانستان میں ابھراہے۔کوئی ہے جو ان کی سرزمین پر ان کا مقابلہ کر سکے؟ کسی میں اتنا حوصلہ اور جرات نہیں سوائے ایران اور حزب اللہ کے‘ لیکن وہ بھی اس جنگ میں شدید نقصان اٹھا کر ہلکان ہورہے ہیں۔”امریکہ کیلئے خصوصأ یہ صورت حال انتہائی مایوس کن اور اضطراف کا باعث ہے اور اگروہ معاملہ فہمی سے محروم رہا تو رسوائی و ناکامی اس کا مقدر ہوگی۔” ۔Brahma Chellaney
افغانستان میں سازشیں اور ریشہ دوانیاں حالات کو مزید بگاڑنے کا سبب بنیں گی اوران پر کنٹرول کرنا ناممکن ہو جائے گا۔ماضی میں سازشوں کے نتائج ہم دیکھ چکے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ اس سال کے آخر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی ’’ہارٹ آف ایشیا‘‘ کانفرنس کے دوران اجتماعی سیاسی و سفارتی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیام امن کی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی لیکن افسوس کہ ہم میں یہ اجتماعی سیاسی و سفارتی بصیرت کہیں دور تک نظر نہیں آتی۔